کلبرگی،یکم فروری(ایس اونیوز) حیدرآباد کرناٹک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایچ کے سی سی آئی ) نے پارلیمنٹ میں ارون جیٹلی کی جانب سے پیش کردہ مرکزی بجٹ کو موافق کارپوریٹ اور مخالف ترقی قرار دیا۔ایچ کے سی سی آئی کے سکریٹری سوما شیکھر تنگلی نے بجٹ کو انتہائی مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ارون جیٹلی کلبرگی کے لئے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (ایمس ) کی منظوری میں ناکام رہے ۔انہوں نے کلبرگی میں ای ایس آئی میڈیکل کامپلکس کا کوئی تذکرہ نہیں کیا حالانکہ اس نے ایمس کیلئے درکار تمام چیزوں کی تکمیل کی۔انہو ں نے کہا کہ بجٹ تجاویز میں حیدرآباد ۔ کرناٹک علاقہ سے مکمل طور پر ناانصافی کی گئی ساتھ ہی اس علاقہ کے عام آدمی سے بھی ناانصافی کی گئی ہے ۔ترمیمی دفعہ 371(J) کے تحت دیئے گئے خصوصی درجہ والے کرناٹک حیدرآباد علاقہ کوفنڈس کا کوئی تذکرہ نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک اور مایوس کن بات یہ ہے کہ بیدر ۔ گلبرگہ ریلوے لائن کی تکمیل کیلئے بھی کوئی الاٹمنٹ کا اعلان نہیں کیا گیا۔